خیرپور میں کاری قرار دے کر لڑکی کے قتل کیس میں پیش رفت، مرکزی ملزم جیل منتقل،

خیرپور (ویب ڈیسک)خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی میں 20 سالہ لڑکی خالدہ چانڈیو کو کاروکاری کے الزام میں قتل کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس کے مطابق جرگہ کرنے والے مرکزی ملزم قیصر چانڈیو کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سول جج نے اسے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، جبکہ دوسرے ملزم ولی محمد چانڈیو کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کے بیانات قلمبند کیے۔ پولیس کے مطابق قیصر چانڈیو نے عدالت کے سامنے لڑکی کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بٹو چانڈیو گاؤں میں جرگے کے ذریعے لڑکی کو “کاری” قرار دے کر قتل کا حکم دیا گیا تھا، جس کے بعد ہجوم کے سامنے فائرنگ کر کے اسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان سمیت 18 افراد کو گرفتار کر لیا تھا، جبکہ مقتولہ کی خاموشی سے تدفین کرنے والے مولوی کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔