شکارپور تا سکھر میں پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب

سکھر (ویب ڈیسک)سکھر میں شکارپور تا سکھر پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جسے سندھ حکومت کی جانب سے عوام کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی جانب سے شکارپور کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے آغاز سے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی، اور یہ بسیں عوام کی ملکیت ہیں جن کا تحفظ بھی عوام کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بس کے کرایے کا آدھا حصہ حکومت سندھ جبکہ آدھا مسافر ادا کریں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں، تاہم ایک سازش کے تحت صوبائی حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں سڑکوں کا معیار بہترین ہے اور صحت کے شعبے میں بھی صوبہ نمایاں کارکردگی دکھا رہا ہے، جبکہ آٹزم سینٹرز کی سہولیات عالمی معیار کی ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو 2000 روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ 25 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو رجسٹر کر کے انہیں مفت کھاد فراہم کی گئی، جبکہ تھریشر سبسڈی کے تحت لاکھوں کاشتکاروں کو مالی مدد بھی دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکارپور کی ترقی کے لیے کام جاری ہے، سولر سسٹم مفت فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کو پنک اسکوٹیز دینے کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔