کوٹری سائٹ: شادی میں ہوائی فائرنگ، مووی میکر جاں بحق

کوٹری سائٹ (ویب ڈیسک): شادی کی ایک تقریب اس وقت سوگ میں تبدیل ہو گئی جب ہوائی فائرنگ کے دوران ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شادی کی خوشی میں فائرنگ کی جا رہی تھی۔ اس دوران تقریب کی ویڈیو بنانے والا مووی میکر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فائرنگ کرنے والے افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔

دوسری جانب اس سے قبل منگھوپیر کے علاقے غازی گوٹھ میں بھی شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے دو کمسن بچیاں زخمی ہو گئی تھیں، جنہیں چھیپا رضاکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

ایس ایچ او منگھوپیر کے مطابق واقعہ ہوائی فائرنگ کے باعث پیش آیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہا کے والد کو حراست میں لے لیا ہے۔