خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس دوبارہ ایف آئی اے کورٹ منتقل

سکھر (ویب ڈیسک): سکھر کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق سید خورشید احمد شاہ اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس پہلے اسپیشل ایف آئی اے کورٹ منتقل کیا گیا تھا، تاہم اسپیشل ایف آئی اے کورٹ نے کیس دوبارہ نیب کورٹ کو واپس بھیج دیا تھا۔

احتساب عدالت سکھر کے جج غلام یاسین کولاچی نے ریفرنس کی سماعت کی، جس میں خورشید شاہ، زیرخ شاہ، ٹھیکیدار اکرم پٹھان، رحیم بخش اعوان، ثاقب اعوان اور دیگر ملزمان اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ 19 کروڑ روپے کا ریفرنس ہے اور اسے صوبائی اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جانا چاہیے، جبکہ خورشید شاہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد نیب اس کیس کی سماعت کا اختیار نہیں رکھتا۔

دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنس کو ایف آئی اے منتقل کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس دوبارہ ایف آئی اے کی اسپیشل کورٹ کو منتقل کر دیا اور آئندہ سماعت 18 مئی تک ملتوی کر دی۔