نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ، وزیراعظم کی سمری صدر کو ارسال

اسلام آباد/کراچی(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سندھ کے موجودہ متنازعہ گورنر کامران ٹسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری کے لیے سمری صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ نامزد کیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ اور دیگر حکومتی رہنما بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ اس وقت سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری ہیں جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے ہے۔ چند ہفتے قبل کامران ٹسوری نے گورنر ہاؤس سمیت چند تقریبات میں سندھ کی تقسیم اور کراچی کو وفاقی قبضے میں لینے جیسے متنازعہ مطالبات کئے تھے، جس پر سندھ بھر سے ان کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا جبکہ ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت عوامی راج تحریک پاکستان کی جناب سے 28 فروری کو کراچی میں “گورنر کامران ٹسوری ہٹاؤ” احتجاجی مارچ بھی کیا تھا.

نہال ہاشمی ماضی میں بھی ملکی سیاست میں خاصے متحرک رہے ہیں، تاہم وہ اپنے جذباتی اندازِ گفتگو کے باعث تنازعات کا شکار بھی ہوتے رہے ہیں۔ مئی 2017 میں پاناما کیس کے دوران انہوں نے اس مقدمے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) اور عدلیہ کے ارکان کے بارے میں ایک تقریر میں سخت اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔

اس بیان کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم نہال ہاشمی نے فوری طور پر استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا تھا اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔

سیاسی حلقوں کے مطابق اس مشکل مرحلے پر پارٹی کی ایک سینئر خاتون رہنما نے ان کی حمایت بھی کی تھی۔

یاد رہے کہ اس متنازع تقریر کے بعد نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے مقدمے کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا اور انہیں جیل کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔