بہاولنگر کے نواحی علاقے چک سونڈھا میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کھیلتا ہوا 3 سالہ معصوم بچہ سیوریج کے جوہڑ میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بچہ گھر کے قریب جوہڑ کے پاس کھیل رہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے ے گندے پانی میں جا گرا اور ڈوب گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور بچے کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت علی حماد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد قے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔واضح رہے کہ کراچی کے بعد پنجاب بھر میں کھلے مین ہولز اور سیوریج کے غیر محفوظ جوہڑ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں واسا اور بلدیاتی اداروں کی غفلت کے باعث ایسے افسوسناک حادثات پیش آ چکے ہیں۔چند روز قبل لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ کے قریب بھی گٹر میں گر کر ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تھا، تاہم عملی اقدامات تاحال مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔