بسنت کے پانچ روزہ تہوار میں ڈوروں اور پتنگوں کی ریکارڈ فروخت، ایک ارب 60 کروڑ روپے کا کاروبار

لاہور بسنت کے تہوار کے دوران لاہور میں پتنگوں اور ڈوروں کی فروخت نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ پانچ روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کی ڈوریں اور پتنگیں فروخت ہوئیںکائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد کے مطابق بسنت کے پانچویں روز دو لاکھ سے زائد گڈے اور پتنگیں جبکہ چار ہزار سے زائد پنے فروخت کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ تاوا گڈا ایک ہزار روپے، ایک تاوا 600 روپے جبکہ پونا تاوا 350 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ دو پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ملک فیضان احمد کا کہنا تھا کہ پانچویں روز پتنگوں کی قیمتوں میں اضافہ ضرور دیکھنے میں آیا تاہم اس کے باوجود مارکیٹ میں پتنگوں اور ڈوروں کی دستیابی برقرار رہی۔ان کے مطابق پہلے روز 16 کروڑ، دوسرے روز 18 کروڑ اور تیسرے روز 20 کروڑ روپے کی خرید و فروخت ہوئی، جبکہ چوتھے روز 68 کروڑ اور پانچویں روز 38 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا۔