ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم صومالیہ سے تعلق رکھنے والا طالبعلم دورانِ کھیل انتقال کر گیاتفصیلات کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل فائنل ائیر کا طالبعلم محمد یونس فٹ بال میچ کھیل رہا تھا کہ اس دوران اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی اور حرکتِ قلب بند ہو گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ساتھی طلبہ اور انتظامیہ نے محمد یونس کو فوری طور پر نشتر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔نشتر اسپتال ملتان کے ترجمان کے مطابق 27 سالہ محمد یونس کا تعلق صومالیہ سے تھا اور وہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں فائنل ائیر کا طالبعلم تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ طالبعلم کے انتقال کی اطلاع اس کے اہلِ خانہ کو دے دی گئی ہے اور صومالیہ میں موجود لواحقین سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مرحوم طالبعلم کے لیے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔