پی ٹی آئی کی سندھ حکومت کی مذمت باغ جناح جلسے میں رکاوٹوں کا الزام

پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے باغ جناح میں آج ہونے والے جلسے سے متعلق جاری بیان میں سندھ حکومت کی سخت مذمت کی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے جلسے میں رکاوٹیں ڈال کر جمہوریت دشمن رویہ دکھایا۔پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق آج کا اجتماع سیاسی قیدیوں کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے لیے ہے اور عدلیہ کی آزادی اور آزادی اظہار کے دفاع کے لیے عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ تاہم سندھ حکومت کی دوغلی پالیسیاں اور رکاوٹیں عوام کی جمہوری سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی اور حیدرآباد میں پی ٹی آئی کی پرامن جمہوری سرگرمیاں جاری ہیں، لیکن کراچی واپسی کے دوران موٹر وے پر مختلف مقامات پر پارٹی کے قافلے کو روک کر دو گھنٹے کا سفر آٹھ گھنٹوں میں مکمل کیا گیا۔پی ٹی آئی نے این او سی میں غیر معمولی تاخیر، راستوں میں رکاوٹیں اور پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ڈرایا نہیں جا سکتا اور تحریک کو روکا نہیں جا سکتا۔اس کے جواب میں وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے تمام ذمہ داریاں پوری کی ہیں، اجازت نامہ موجود ہے اور سڑک پر عوام کو پریشان کرنے سے گریز کیا جائے۔