ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کا سچا اتحادی ہے، جدید جنگی بحری جہاز پاکستان نیوی کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کا سچا اور قابلِ اعتماد اتحادی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی۔
بحری پلیٹ فارمز کی شمولیت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ تمام کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی بحری جہاز پی این ایس خیبر پاکستان نیوی کے حوالے کیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کا عملی مظہر ہے۔
صدر اردوان کے مطابق پاکستان نیوی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چار ملگیم کلاس بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تھا، جس پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا بحری جہاز پی این ایس بابر 24 مئی 2024 کو پاکستان کے حوالے کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیسرا بحری جہاز پی این ایس بدر جون 2026 کے اختتام تک جبکہ چوتھا بحری جہاز پی این ایس طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان نیوی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ جنگی جہاز پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔
صدر اردوان نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ناقابلِ شکست ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں