11ویں این ایف سی ایوارڈ: وفاقی حکومت نے 8 اہم کمیٹیاں قائم کر دیں

11 ویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے،
اور وفاقی حکومت نے 8 اہم کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔

  ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، ملک کے چاروں صوبوں میں 11 ویں این ایف سی ایوارڈ پر قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے مختلف امور پر ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، صوبائی دائرہ اختیار کے اخراجات پر سفارشات کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے،
جس کی سربراہی پنجاب کے وزیر خزانہ کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ مرکز اور صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے تناسب پر ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ بلوچستان کے سپرد کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے قومی قرضوں کی ساخت اور استعمال پر بھی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔
مزید برآں، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر بنانے کے لیے ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے صوبوں کو وسائل کی براہ راست منتقلی پر بھی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے،
جس کی سربراہی سندھ کے وزیر خزانہ کریں گے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قابل تقسیم پول ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے،
اور سابق فاٹا کے انضمام اور این ایف سی شیئر پر ساتواں ورکنگ گروپ بھی قائم کیا گیا ہے۔

گیارھویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق پہلا اجلاس 4 دسمبر کو ہوا تھا،
جس میں وفاق اور صوبوں نے مختلف ورکنگ گروپس کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔
یہ ورکنگ گروپس اپنے دائرہ اختیار میں امور پر سفارشات تیار کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این ایف سی سے متعلق دوسرا اجلاس آئندہ ماہ جنوری کے وسط تک متوقع ہے،
تاہم اس میں سفارشات اور نتائج کی حتمی منظوری دی جائے گی۔