یوکرین روسی ڈرون حملے روکنے کے لیے موبائل کمیونیکیشن محدود کرنے پر غور کر رہا ہے

کیف: یوکرین کی افواج روسی ڈرون حملوں کو مؤثر انداز میں روکنے میں ناکام رہی ہیں جس کے بعد حکومت نے نیا اقدام اٹھانے پر غور شروع کردیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرینی چیف آف جنرل اسٹاف اینڈری ہناتوو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ممکنہ طور پر روسی ڈرون حملے روکنے کے لیے مخصوص علاقوں میں موبائل کمیونیکیشن سروس محدود کی جاسکتی ہے تاکہ نیٹ ورکس کو حملوں کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ موبائل سروس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا بلکہ چند علاقوں میں 4 جی اور 5 جی کنکشن پر پابندی عائد کی جائے گی تاکہ روس ڈرونز کو چلانے کے لیے ان نیٹ ورکس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ کی بندش کا مقصد ان ڈرونز کو ناکام بنانا ہے جو کیمروں کے ذریعے تصاویر منتقل کرتے ہیں اور آپریٹ کرنے کے لیے 4 جی کنکشن استعمال کرتے ہیں۔واضح رہے کہ جنگ کے ساڑھے تین سال بعد روس نے حالیہ مہینوں میں یوکرین پر ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جن کا ہدف اسٹریٹجک تنصیبات اور اہم انفراسٹرکچر ہے۔ ماسکو اپنی ٹیکنالوجی میں مسلسل بہتری لاتے ہوئے ڈرون حملوں کی تعداد بھی بڑھا رہا ہے۔دوسری جانب، روس نے بھی ماضی میں یوکرینی ڈرون حملے ناکام بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ محدود یا بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔