کراچی کے علاقے قیوم آباد سے گرفتار مبینہ درندہ صفت ملزم شبیر احمد کے خلاف مزید مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک ملزم کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 6 ہوچکی ہے۔ڈیفنس پولیس کے مطابق شبیر احمد کے خلاف مزید 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں ایک لڑکا اور دو بچیاں متاثرین کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں مقدمات زیادتی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں، جبکہ متاثرین نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے ذریعے ملزم کو شناخت کیا۔حکام کے مطابق اب تک سامنے آنے والے 7 متاثرین میں دو کم عمر بہنیں اور ایک لڑکا بھی شامل ہیں، مزید متاثرین کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل قیوم آباد میں دو بچیوں سے زیادتی کے بعد اہل علاقہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ متاثرہ بچیوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزم کئی بار غیر اخلاقی حرکات کرچکا ہے۔ بعدازاں پولیس نے اہل خانہ کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کیا۔