پاکستان اور بھارت آج دبئی میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں آمنے سامنے

معرکہ حق کے بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے دو سب سے بڑے حریفوں کے درمیان آج ٹی20 ایشیا کپ کے گروپ اے کا میچ کھیلا جائے گا۔ میچ نہ صرف کھلاڑی بلکہ تماشائیوں کے لیے بھی انتہائی پرجوش ہے اور پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی20 سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ 2025 کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلا، جس میں قومی ٹیم نے شاندار 93 رنز سے فتح حاصل کی۔ دوسری جانب بھارت نے بھی اپنا پہلا میچ جیتا ہے۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 6 ماہ کے دوران دوسری بار آمنے سامنے ہوں گی، اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں مقابلہ کر چکی ہیں۔ دبئی کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔دبئی پولیس نے کرکٹ فینز کو خبردار کیا ہے کہ میچ کے دوران بدزبانی، تشدد یا نسل پرستانہ جملے استعمال کرنے والے افراد کو ایک سے تین ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم (تقریباً ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے) جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔ دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔