نیپال کی عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی نے گزشتہ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے والے مظاہروں کی قیادت کرنے والے جین زی کے حق میں اہم اعلان کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوشیلا کارکی نے آج باضابطہ طور پر آفس سنبھالا اور اپنے پہلے بیان میں کہا کہ عبوری حکومت جین زی کے مطالبات کے مطابق کرپشن کے خاتمے، بہتر حکمرانی اور معاشی مساوات کے لیے کام کرے گی۔73 سالہ عبوری وزیر اعظم نے واضح کیا کہ وہ اور ان کی حکومت 6 ماہ سے زائد اقتدار میں نہیں رہیں گے اور ملک میں عام انتخابات 5 مارچ 2026 کو کرائے جائیں گے۔انہوں نے مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ چیف سیکریٹری ایکنارائن آریال نے تصدیق کی کہ یہ امداد فوری طور پر فراہم کی جائے گی۔مزید برآں، حکومت نے 134 زخمی مظاہرین اور 57 زخمی پولیس اہلکاروں کے لیے مفت طبی علاج کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مظاہروں کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹس تیار کریں تاکہ متاثرین کو مناسب ریلیف فراہم کیا جا سکے۔