نیپال میں 5 مارچ کو عام انتخابات، صدر نے پارلیمان تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا

نیپال میں آئندہ عام انتخابات 5 مارچ 2026 کو منعقد کیے جائیں گے، جس کا اعلان صدر رام چندر پاؤڈل نے کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پارلیمان کو تحلیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کی تاریخ میں پہلی بار خاتون وزیراعظم سوشیلا کرکی عبوری حکومت کی سربراہ بنیں۔ سوشیلا کرکی، جو سابق چیف جسٹس اور انسداد بدعنوانی کی علامت مانی جاتی ہیں، نے عبوری حکومت کی قیادت سنبھالی۔نیپال میں حالیہ احتجاجات بدعنوانی اور سیاسی اشرافیہ کے خلاف بڑے عوامی مظاہروں میں بدل گئے تھے، جن میں مظاہرین نے پارلیمان اور وزراء کی رہائش گاہوں کو آگ لگا دی تھی۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں سابق وزیراعظم کے پی شرما اولی مستعفی ہو گئے تھے۔پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران اب تک 51 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 21 مظاہرین، 9 قیدی، 3 پولیس اہلکار اور دیگر شامل ہیں۔ جیلوں سے فرار ہونے والے تقریباً 1,000 قیدی پکڑے جا چکے ہیں، جبکہ 12,500 سے زائد افراد اب بھی مفرور ہیں۔نیپال کی حکومت نے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کرفیو اور پابندیاں ہٹا دی ہیں، تاہم حساس علاقوں میں عوامی آمدورفت پر پابندیاں برقرار ہیں۔یہ انتخابات 275 نشستوں کے لیے ہوں گے اور ملکی سیاسی منظرنامے میں ایک اہم مرحلہ تصور کیے جا رہے ہیں۔