راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہوسکتی، سیلاب متاثرین کو مکمل بحالی اور آبادکاری تک تنہا نہیں چھوڑیں گے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے قصور سیکٹر اور جلال پور پیروالا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر چیف سیکریٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں، بہتر حکمرانی اور عوامی فلاحی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے تاکہ ہر سال جان و مال کے نقصان کو روکا جا سکے۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جنہیں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔ متاثرین نے بروقت امداد اور محفوظ انخلا پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، جس پر آرمی چیف نے مکمل بحالی اور آبادکاری میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے ریلیف آپریشن میں مصروف جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے اور خدمات کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے لاہور، قصور اور ملتان جلال پور پیروالا کے سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصان کے تخمینے اور بحالی اقدامات کا خود معائنہ کر سکیں۔ لاہور اور ملتان کور کے کمانڈرز نے بھی ان کا استقبال کیا۔