بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کی بڑی کمزوری جذبات پر قابو نہ رکھنا ہے: راشد لطیف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی سب سے بڑی کمزوری جذبات پر قابو نہ رکھنا اور حکمت عملی کے ساتھ نہ کھیلنا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے گزشتہ 10 سالوں میں کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی، دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا صرف آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں ہوا ہے۔انہوں نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں کھیلے گئے 15 میچز میں سے 12 میچز بھارت کے نام رہے۔جذباتی کرکٹ نقصان دہ ہے سابق کپتان کے مطابق:”پاکستان بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے جذباتی ہوجاتا ہے، ہم ایک وقت میں سب کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب کھیل خراب ہوجاتا ہے۔””بھارت پچ اور حالات کو دیکھ کر منصوبہ بندی کرتا ہے اور میچ جیت جاتا ہے، جبکہ پاکستان 30 سال سے دباؤ میں کھیل رہا ہے، جس کا فائدہ بھارتی ٹیم نے اٹھایا۔”پاکستان کے پاس فائدہ بھی موجود ہے راشد لطیف نے کہا کہ اگرچہ بھارت نے حالیہ دنوں میں کم ٹی20 کرکٹ کھیلی ہے، لیکن پاکستان مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کا تازہ تجربہ رکھتا ہے جو ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار، 14 ستمبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔