کراچی والوں کے لیے خوشخبری: آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

شہر قائد میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گندم کی فی کلو قیمت 100 روپے سے کم ہوکر 84 روپے ہوگئی جبکہ فائن آٹا 106 روپے اور ڈھائی نمبر آٹا 98 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ہول سیل گروسرز نے فلور ملز سے آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت 16 روپے کم ہوئی ہے، اس کے مطابق آٹا بھی مزید سستا ہونا چاہیے۔ ان کے بقول “مافیا کو اللہ کا نہیں بلکہ کریک ڈاؤن کا خوف ہے۔”انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں، وافر ذخائر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کی قیمت مقرر ہونے کے بعد سندھ میں بھی کمی ہورہی ہے۔عبدالرؤف نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ قیمتیں کم کروانے کے اقدامات کریں۔ اگر صوبائی حکومت نے سرکاری گندم کی فراہمی کا جلد اعلان کیا تو آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی اور ذخیرہ اندوزوں کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔