کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں تین خواتین کے قتل اور دو کو زخمی کرنے کا اندوہناک واقعہ سامنے آیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔مقدمہ مقتولین کے لواحقین کی جانب سے شان نامی شخص کی مدعیت میں ملیر کینٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مدعی شان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ بھٹائی آباد کے ایک مکان میں رہائش پذیر ہے اور گلشن اقبال کے ایک کالج میں صفائی کا کام کرتا ہے۔ وقوعہ کے وقت وہ اپنے کام پر موجود تھا کہ چھوٹی بہن نے اطلاع دی کہ ان کی بھانجی نندنی لال پر حملہ ہوا ہے۔شان کے مطابق جب وہ گھر پہنچا تو ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا، ایک کمرے میں بہنیں عاشی اور تانیہ کی لاشیں پڑی تھیں جبکہ دوسرے کمرے میں بیوی مینا مردہ حالت میں موجود تھی۔ اس دوران نندنی اور محلے کی خاتون پریا شدید زخمی حالت میں ملی تھیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمی نندنی نے پولیس کو بیان دیا کہ ان کے ماموں اجے صبح گھر آئے اور اچانک چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں عاشی، تانیہ اور مینا جان کی بازی ہار گئیں۔ نندنی نے بتایا کہ ملزم نے اسے بھی جان سے مارنے کے لیے گردن پر وار کیا جبکہ شور سن کر بچانے آنے والی پڑوسن پریا کو بھی زخمی کر دیا۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم اجے نے اپنے ہی گلے پر چھری چلا کر خود کو بھی زخمی کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسے گزشتہ روز زخمی حالت میں ہی اسپتال سے حراست میں لیا جا چکا ہے اور اب واقعے کی تفتیش جاری ہے۔