وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کی میزبانی کرے گا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں ٹی چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2027 میں ہونے والی ایس سی او سمٹ کی میزبانی کا شرف پاکستان کو حاصل ہوگا اور اس کے لیے ابھی سے تیاری شروع کرنا ہوگی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں شاہراہ دستور پر کام جاری ہے جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ای وی ٹرانسپورٹ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور حنیف عباسی اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کی سہولت کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے رہائشیوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ ایک کلومیٹر طویل فلائی اوور ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں تک سفر کو آسان بنائے گا، تاہم ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں چین میں منعقدہ ایس سی او سمٹ میں بھی شرکت کی تھی۔