’روبوٹ اب انسانوں پر حکمرانی کریں گے؟‘‘ دنیا کے پہلے اے آئی وزیر کی تقرری

دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کا استعمال بڑھ رہا ہے، مگر اب پہلی بار تاریخ میں ایک ملک نے ’’روبوٹک وزیر‘‘ کو کابینہ میں شامل کر لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی ملک البانیہ نے دنیا کا پہلا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وزیر متعارف کرایا ہے۔ وزیراعظم ایڈی راما نے کابینہ اجلاس میں اس نئے ’’اے آئی وزیر‘‘ کا باضابطہ اعلان کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرنے کے لیے ایک ایسا وزیر متعارف کرایا گیا ہے جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت پر مبنی ہے اور عوامی ٹینڈرز کی شفاف نگرانی کرے گا۔اس اے آئی وزیر کا نام ’’ڈائیلا‘‘ رکھا گیا ہے، جو البانوی زبان میں ’’سورج‘‘ کے معنی رکھتا ہے۔ ایڈی راما کے مطابق ڈائیلا جسمانی طور پر موجود نہیں ہوگا، لیکن اپنے فرائض مکمل طور پر انجام دے گا اور تمام عوامی ٹینڈرز کے فیصلے اسی کے ذریعے ہوں گے تاکہ 100 فیصد شفافیت ممکن ہو۔یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی پیشگوئی، 2026 تک اے آئی انسان سے زیادہ عقلمند ہوگا رپورٹ کے مطابق ’’ڈائیلا‘‘ کی آزمائش رواں برس جنوری میں ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر شروع ہوئی تھی۔ اب تک یہ سسٹم 36 ہزار سے زائد ڈیجیٹل دستاویزات جاری کرنے اور ایک ہزار کے قریب سروسز فراہم کرنے میں معاونت کر چکا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’ڈائیلا‘‘ کا ڈیزائن ایک خاتون سے مشابہت رکھتا ہے جو روایتی البانوی لباس میں ملبوس ہے۔وزیراعظم ایڈی راما نے کہا کہ اس اقدام سے کرپشن کے خلاف جنگ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوامی فنڈز کے استعمال میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔خیال رہے کہ ماضی میں کئی فلموں میں روبوٹ یا مصنوعی ذہانت کے کرداروں کو دنیا پر حکمرانی کرتے دکھایا گیا تھا، لیکن حقیقت میں ایسا پہلی بار ممکن ہوا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایلون مسک نے پیشگوئی کی تھی کہ 2026 تک اے آئی عام انسان سے بھی زیادہ ذہین ہو جائے گا۔