دہلی کے بعد بمبئی ہائی کورٹ کو بھی بم سے اُڑانے کی دھمکی، پولیس حرکت میں آگئی

ممبئی: بھارت کے دہلی ہائی کورٹ کے بعد اب بمبئی ہائی کورٹ کو بھی بم دھماکے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے باعث دونوں عدالتوں میں ہڑبونگ مچ گئی اور پولیس و بم ڈسپوزل اسکواڈ حرکت میں آ گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھمکی ای میل کے ذریعے موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عدالت کے احاطے میں بم نصب ہیں اور دوپہر 2 بجے سے پہلے سب کو باہر نکال دیا جائے۔ای میل میں واضح طور پر ججز کے کمروں کا حوالہ دیا گیا اور جمعہ کے روز ہونے والے ممکنہ دھماکوں کو پاکستان اور بھارتی ریاست تمل ناڈو کی مبینہ ملی بھگت سے جوڑا گیا۔رپورٹس کے مطابق ای میل میں کہا گیا کہ دہلی ہائی کورٹ کے جج رومز میں تین بم نصب ہیں، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ججز، وکلا اور دیگر افراد کو عمارت سے باہر نکال دیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تلاشی شروع کر دی۔دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ بظاہر یہ ایک “ہوکس کال” (افواہ) لگتی ہے، تاہم حفاظتی اقدامات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔اسی دوران ممبئی ہائی کورٹ کو بھی اسی نوعیت کا دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا، جس پر ممبئی پولیس نے پورا احاطہ خالی کرا لیا۔ ججز اور وکلا کو باہر نکالا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔