برازیل کے سابق صدر جائیر بولسونارو کو 27 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیلین سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ مایوس کن اور غیر متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بولسونارو ہمیشہ برازیل کے عوام کے لیے محب وطن رہنما ثابت ہوئے ہیں۔برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر بولسونارو کو بغاوت کی سازش کا مجرم قرار دیتے ہوئے 27 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی۔ رپورٹ کے مطابق پانچ رکنی بینچ میں تین ججز نے سزا کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ بولسونارو گھر میں نظر بندی کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔سابق صدر کے وکیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ کیس کی سماعت فل کورٹ یعنی 11 رکنی بینچ کرے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائن الیون کی برسی پر بھی خطاب کیا اور کہا کہ “ہم 11 ستمبر 2001 کو کبھی نہیں بھولیں گے، جو بھی امریکا پر حملہ کرے گا اسے چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا۔” انہوں نے کہا کہ نائن الیون امریکا کی تاریخ کا بدترین واقعہ تھا جس نے قوم کو زخم دیے مگر ساتھ ہی اتحاد اور قربانی کا سبق بھی دیا۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔