ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول تبدیل، نئی تاریخ کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے امتحان (ایم ڈی کیٹ) کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امتحان پہلے 5 اکتوبر 2025 کو شیڈول تھا، تاہم حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ علاقوں کے طلبا کو پیش آنے والی مشکلات کے باعث امتحان کو مؤخر کردیا گیا ہے۔ اب ایم ڈی کیٹ 26 اکتوبر 2025 بروز اتوار منعقد ہوگا۔یہ فیصلہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام طلبا کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طالب علم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور سب کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق یہ فیصلہ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی یونیورسٹیز کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبا نے امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی پی ایم ڈی سی کو خط لکھ کر امتحان 16 نومبر تک مؤخر کرنے کی تجویز دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ طلبا شدید ذہنی دباؤ میں ہیں، تیاری نہیں کر پارہے اور امتحانی مراکز تک پہنچنا بھی ان کے لیے مشکل ہے۔تاہم پی ایم ڈی سی نے امتحان کو 26 اکتوبر تک ری شیڈول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ طلبا کے لیے آسانی پیدا کرنے اور سب کے مفاد کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔