دبئی: ایشیا کپ 2025 میں پاکستانی ٹیم آج اپنی مہم کا آغاز کر رہی ہے، قومی کرکٹ ٹیم دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں عمان کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پچ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دبئی کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور پاکستانی اسکواڈ میں ملٹی اسکلز کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان کے لیے یہ میچ نسبتاً آسان تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ عمان پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہا ہے۔ تاہم، ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو حریف کو ہلکا نہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان کے حوصلے بلند ہیں، خاص طور پر سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد ٹیم پراعتماد دکھائی دے رہی ہے۔اس میچ کو کرکٹ شائقین اتوار کو ہونے والے پاکستان بمقابلہ بھارت کے بڑے ٹاکرے سے پہلے ایک وارم اپ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ادھر گزشتہ روز ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ابوظہبی میں ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہانگ کانگ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کا ہدف دیا، جسے بنگلادیش نے 17.4 اوورز میں باآسانی حاصل کر لیا۔ کپتان لٹن داس نے شاندار 59 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ توحید ہردوئے 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کرکٹ شائقین کی نظریں اب پاکستان کے پہلے میچ پر ہیں اور سب کو بڑی بےچینی سے اتوار کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے ٹاکرے کا انتظار ہے۔