ابوظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ہانگ کانگ کی جانب سے دیا گیا 144 رنز کا ہدف بنگلادیش نے 17.4 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر پرویز حسین 19 اور تنزید حسین 4 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوئے، تاہم کپتان لٹن داس نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی کی راہ پر ڈال دیا۔ توحید ہردوئے 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور عتیق اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے۔ نزاکت خان 42 اور کپتان یاسم مرتضیٰ 28 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلادیش کے تنظیم حسین اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس جیتنے کے بعد بنگلادیش کے کپتان لٹن داس نے کہا کہ ٹیم نے پچھلی تین سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے لیکن اس ٹورنامنٹ میں بھی تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضیٰ نے بیٹنگ کا فیصلہ درست قرار دیا اور کہا کہ کوشش ہوگی پچھلے میچ کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ ہانگ کانگ کو اپنے پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔