امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہوٹل کے مالک کو اُس کے ہی ملازم نے معمولی تنازع کے بعد قتل کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ چندرا ناگمالیہ، جو بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھتے تھے اور ڈلاس میں ہوٹل کے مالک تھے، کا اپنے ملازم کے ساتھ واشنگ مشین کے استعمال پر جھگڑا ہوا۔ مالک نے ملازم کو مشین استعمال کرنے سے منع کیا جس پر ملازم شدید غصے میں آگیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اچانک تیز دھار آلے سے مالک پر حملہ کیا۔ ناگمالیہ زخمی حالت میں دفتر کی طرف بھاگنے لگے مگر ملزم نے پیچھا کرکے انہیں کئی بار نشانہ بنایا۔ اس دوران مقتول کی اہلیہ اور 18 سالہ بیٹا بھی بیچ بچاؤ کے لیے آئے مگر ملزم نے انہیں دھکا دے کر دور کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے انتہائی سفاکی کے ساتھ ہوٹل مالک کو قتل کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ملزم نے مقتول کے جسم کے ساتھ مزید ظلم کرنے کی بھی کوشش کی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم یورڈانِس کوبوس مارٹینیز کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں جن میں گاڑی چوری اور حملے کے کیسز شامل ہیں۔ اس بار اس پر کیپیٹل مرڈر کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں بھارتی کمیونٹی میں خوف و ہراس پھیلنے کا سبب بن گیا ہے۔