کراچی: نجی اسکولز و کالجز کل معمول کے مطابق کھلیں گے، موسم کے پیش نظر حفاظتی اقدامات جاری

کراچی: آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ کل، 11 ستمبر بروز جمعرات، کراچی کے نجی اسکولز اور کالجز تدریسی عمل کے لیے کھلے رہیں گے۔
ایسوسی ایشن کے صدر حیدر علی نے بتایا کہ اگست اور ستمبر کے شروع میں پہلے ہی زیادہ چھٹیاں ہو چکی ہیں، اور محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے کسی طاقتور اسپیل کا امکان نہیں ہے۔اس سے قبل، شدید بارشوں کے پیشِ نظر آج بروز بدھ 10 ستمبر کو کراچی کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے میں بارش کا نیا اسپیل آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بارشوں اور دریاؤں میں بڑھتے پانی کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں، اور کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا صورتحال بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے۔وزیر کے مطابق ڈیم بھرنے اور شدید بارشوں کی وجہ سے لیاری ندی اور ملیر ندی میں طغیانی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔