قطر کے وزیر اعظم نے نیتن یاہو کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا، انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

دوحہ: قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔قطری وزیر اعظم نے سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ نیتن یاہو خود پرست ہیں اور دنیا کو قوانین پر لیکچر نہ دیں، جب کہ وہ خود تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ میں بے گناہ لوگوں کو بھوکا مار رہا ہے اور خطے میں جارحیت کو بڑھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو عالمی عدالت کے تابع ہیں اور ان کا احتساب ہونا چاہیے۔قطری وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملے کا ردعمل علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مشورے کے بعد دیا جائے گا۔ قطری وزارت خارجہ نے بھی کہا کہ نیتن یاہو کو اپنے عمل کا حساب دینا ہوگا اور قطر اپنی خودمختاری اور سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔واضح رہے کہ نیتن یاہو نے قطر پر الزام عائد کیا کہ اس نے حماس کے وفد کو خفیہ طور پر پناہ دی، اور اپنی کارروائی کو جواز دینے کے لیے نائن الیون حملوں سے موازنہ کیا۔ قطری وزارت خارجہ نے اس بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ قطر میں مذاکرات ہمیشہ بین الاقوامی حمایت کے ساتھ شفاف انداز میں ہوئے ہیں۔