برطانیہ نے پاکستان سمیت غیر تعاون کرنے والے ممالک کو ویزا پابندیوں کی وارننگ دے دی

لندن: برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ان ممالک کے شہریوں کے ویزے کم یا معطل کرسکتی ہے جو اپنے غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی واپسی میں تعاون نہیں کرتے۔نومنتخب وزیر داخلہ شبانہ محمود نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو خبردار کیا کہ غیر قانونی مہاجرین کی واپسی میں تاخیر یا انکار سے ویزا پابندیاں لگ سکتی ہیں۔ شبانہ محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ’فائیو آئیز‘ ممالک (امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ) کے وزرائے داخلہ کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کا مقصد غیر قانونی قیام کرنے والے افراد کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔معاہدے کے تحت تمام ممالک پر واضح ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو واپس لیں جو غیر قانونی طور پر کسی دوسرے ملک میں مقیم ہیں، تاکہ واپسی کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔ شبانہ محمود نے کہا کہ امیگریشن نظام کے غلط استعمال سے عوامی سلامتی کو خطرہ ہے اور ہم اس کا مقابلہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ ماضی میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نائیجیریا، ایران، عراق اور گیمبیا جیسے ممالک غیر تعاون یافتہ قرار دیے گئے تھے۔ فائیو آئیز ممالک نے ایک نئے عزم کے تحت وسائل یکجا کرنے اور مشترکہ آپریشنل فریم ورک مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت پر قابو پایا جا سکے۔