بھارت میں خاتون ڈاکوؤں سے بچنے کے لیے رکشے سے لٹک گئی، دو ملزم گرفتار

جالندھر (بھارت): بھارت کی ریاست پنجاب میں ایک بہادر خاتون نے ڈاکوؤں کے وار سے بچنے کے لیے حیران کن جرات کا مظاہرہ کیا۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جالندھر کے قریب نیشنل ہائی وے فلور-لدھیانہ اسٹریچ پر خاتون اپنے گاؤں جارہی تھی اور اس نے ایک آٹو رکشہ کرایہ پر لیا۔ رکشہ میں سوار تین افراد اچانک مسلح ڈاکو نکلے، جنہوں نے اسے تیز دھار ہتھیار دکھا کر لوٹنے کی کوشش کی۔خاتون نے ہمت نہ ہاری اور رکشے سے لٹک کر چیخ و پکار شروع کردی تاکہ راہگیروں کو مدد کے لیے متوجہ کیا جا سکے۔ خاتون کی بہادری کے باعث ہائی وے پر گزرنے والے مسافر رک گئے اور انہوں نے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، جب کہ ایک ڈاکو موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مفرور ڈاکو کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔واقعے کے بعد اہل علاقہ اور سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کی بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔