کریملن کے ترجمان کے مطابق پولینڈ نے اپنی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کے شواہد پیش نہیں کیے، اور یورپی یونین اور نیٹو روزانہ روس پر بلاجواز الزامات لگاتے ہیں۔
پولش وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ بڑی تعداد میں روسی ڈرون مار گرائے گئے اور یہ واقعہ پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی تھی۔ روس کے ناظم الامور کو طلب کرنے پر پولینڈ نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ روسی ناظم الامور نے کہا کہ مار گرائے گئے ڈرون یوکرین سے پولینڈ میں داخل ہوئے۔پولینڈ نے اس مبینہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر نیٹو کا آرٹیکل 4 فعال کر دیا ہے، جس کے تحت کسی رکن ملک کو خطرہ ہو تو ہنگامی مشاورتی اجلاس بلایا جاتا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، پولینڈ اور نیٹو افواج نے پڑوسی ملک یوکرین پر فضائی حملے کے دوران ملکی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر روسی ڈرونز مار گرائے۔ پولینڈ کی فوج نے بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے کارروائی اُس وقت کی جب صبح کے وقت ایک درجن سے زائد روسی ڈرونز پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ اور نیٹو افواج نے روس کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی ہو۔ پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز بھیجے گئے، جنہوں نے پولینڈ کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کی، اور مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر کی درخواست پر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ تباہ شدہ ڈرونز کی تلاش اب بھی جاری ہے۔