ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے کاشتکاروں کے لیے زراعت کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ان شہروں میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جا رہے ہیں، جو محض 45 دنوں میں مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔
یہ ایگریکلچر مالز کسانوں کے لیے ایک ون اسٹاپ سلوشن ثابت ہوں گے، جہاں زرعی مداخل، قرضے، جدید مشینری، اور دیگر سہولیات ایک ہی جگہ میسر ہوں گی۔ یہاں نہ صرف جدید ترین زرعی مشینری کرائے پر فراہم کی جائے گی بلکہ ڈرون اسپرے جیسی جدید ٹیکنالوجی کی سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔
یہ منصوبہ صرف انہی شہروں تک محدود نہیں رہے گا۔ حکومتی منصوبے کے تحت مزید 10 اضلاع میں بھی ایسے ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کو بار بار دھکے کھانے کی بجائے ساری سہولیات ایک ہی جگہ پر مہیا ہوں۔
مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو کسانوں کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ:
“اب کاشتکار کو نہ مڈل مین کی ضرورت ہے، نہ جگہ جگہ خوار ہونا پڑے گا۔ ہم کسان بھائیوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“کاشتکار کی خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے، اور ہم نے مختصر وقت میں ایسے عملی اور تاریخی اقدامات کیے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ کاشتکار ہماری اولین ترجیح ہیں۔”