سندھ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں عوامی سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی صدارت میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید بسوں، الیکٹرک ٹیکسیوں (ای وی ٹیکسیز) اور اسکوٹروں کی خریداری کے لیے رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مختلف مقامات پر چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں بھی لائی جا رہی ہیں تاکہ انہیں عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پورے سندھ کے ہر شہری کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو۔