تفصیلات کے مطاب وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین میں چائنیز لینگویج کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کیلئے فنی تعلیم میں دلچسپی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی طالبات کو 7مختلف ٹریڈ میں فنی تربیت دی جاتی ہے ، سندھ بھر کے 300 اسکولوں میں اس نوعیت کے پروگرام جاری ہیں جبکہ کریم آباد میں واقع ٹیکنالوجی کالج میں طالبات کو اب چائنیز لینگویج کورس بھی کروائے جائیں گے۔ کراچی میں جاری بجلی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو متنبہ کرتے ہیں بتایا جائے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے۔ خالد مقبول کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے بارے میں ایم کیوایم بڑا فیصلہ کرنے والی ہے ، بہت جلد ایک بڑا فیصلہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کیا جائے گا، شہر کا 80 فیصد مینڈیٹ ہمارے پاس ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات ملے، کراچی ہزاروں ارب وفاق کو دیتا ہے مگر ہمیں 15 ارب کے حصول کیلئے اجلاس کرنے پڑتے ہیں، صوبہ سندھ کرپشن کے حوالے سے انڈسٹری کا درجہ حاصل کرچکا ہے۔