FBR، جولائی اگست میں ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں ناکام،وزیر اعظم نے رپورٹ طلب کر لی

1.8 ہزار ارب روپے کے بھاری ٹیکس عائد کرنے کے باوجود حکومت رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، اور ٹیکس وصولیاں ہدف کے مقابلے میں 111 ارب روپے کم رہیں ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکامی نے ایک طرف آئی ایم ایف سے جاری 7 ارب ڈالر کی قرض کی ڈیل پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں، تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے منی بجٹ لائے جانے کے امکانات میں بھی اضافہ کردیا ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق ایف بی آر کو جولائی اور اگست میں 1.554 ہزار ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف دیا گیا تھا، لیکن ایف بی آر صرف 1.441 ہزار ارب روپے ہی جمع کرسکا اس طرح ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اپنا سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلیے ایف بی آر کو ٹیکس وصولیوں میں 40 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، اس طرح ایف بی آر کو 14 فیصد خسارے کا سامنا ہے، ایف بی آر کے یہ اعداد وشمار بینکوں کے حتمی نتائج سے مشروط ہیں، بینکوں کی جانب سے حتمی نتائج جاری ہونے کی صورت میں ٹیکس وصولیوں میں 5 سے 10 ارب تک کا اضافہ ہوسکتا ہے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف 12.970 ہزار ارب روپے رکھا گیا تھا، جس کو حاصل کرنے کیلیے منی بجٹ لائے جانے کا خدشہ ہے، کیوں کہ آئی ایم ایف نے نیا قرض پروگرام جاری کرنے کیلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کی کڑی شرط عائد کر رکھی ہے، ایف بی آر سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹیز کا ہدف پورا کرنے میں ناکام رہا ہے اور صرف انکم ٹیکس کی وصولیوں کا ہدف ہی حاصل کرسکا ہے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شارٹ فال پورا نہ ہوا تو حکومت کو منی بجٹ لانے کی تجاویز دی جائے گی، وزیراعظم نے وزیرخزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے شارٹ فال پر رپورٹ طلب کر لی