سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ،بیشتر علاقے زیرآب ، سڑکیں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگیں

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ،شہر قائد میں طوفانی بارشوں کے باعث بیشتر علاقے زیرآب آگئے، سڑکیں ندی نالوں کامنظر پیش کرنے لگیں۔ اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں سب سےزیادہ بارش ناظم آباد میں 46.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ ملیرہالٹ میں 29.8،قائد آباد میں27جبکہ پی اے ایف بیس میں 23.0 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ہے ، شہر قائد میں 2مکانوں کی چھتیں گرنےسے 2افراد جاں بحق اور9زخمی ہوگئے دوسری جانب دادو میں مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، کاچھو کے سیکڑوں دیہات کا دادو اور جوہی شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، سیہون میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جیکب آباد میں میران پور کے قریب بیگاری کینال میں 100 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس کی زد میں آکر 8 سے زائد دیہات پانی کی ڈوب گئےعلاوہ ازیں ٹنڈو آدم کے قریب روہڑی کینال میں شگاف پڑنے سے عالم ڈیرو، سوئی کندر سمیت متعدد دیہات میں پانی داخل ہو گیا اور دیہات سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے شہر لیاقت پور میں نہر ون ایل میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ میانوالی میں برساتی نالوں میں شدید طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے،روجھان میں کوہ سلیمان سے نکلنے والے زنگی اور سوری نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلے قریبی بستیوں میں داخل ہونا شروع ہو گئے جس سے 100 سے زائد مکانات پانی میں ڈوب گئے جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔