پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، اس دوران انڈیکس ایک بار پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ رواں کاروباری ہفتے میں 9اور 10 محرم کے سلسلے میں 2 تعطیلات کے بعد جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز مارکیٹ میں تیزی کے ساتھ ہوا، اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 625 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 81781 پوائنٹس کی بلند ترین تاریخی سطح پر پہنچ گیا قبل ازیں بازار حصص میں اسی کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو بھی غیر معمولی تیزی کا رجحان تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 211 پوائنٹس کے اضافے سے 81155 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ اس دوران انڈیکس 80 اور 81 ہزار کی 2 نفسیاتی سطحیں عبور کرگیا تھایاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا، جس کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔ اس سے قبل 3 جولائی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 680 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی باز 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا 20 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 801 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس سے اگلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 1199 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا تھا اور انڈیکس محض 9 پوائنٹس اضافے سے 78 ہزار 810 پر بند ہوا تھا۔