عاشورہ : ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام ،عزاداروں کا ماتم، سکیورٹی ہائی الرٹ

10 محرم الحرام کو ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر جلوس اور مجالس کا انعقاد ،کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم شہادت پر ملک کے مختلف شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔ یوم عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور اس موقع پر کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے شروع ہوگا جو ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے اور آج بھی شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز کی پرواز پر پابندی ہے لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر محلہ شعیاں پہنچ گیا، جلوس رنگ محل چوک،چائنہ چوک،سنہری مسجد ، تحصیل بازار سمیت مقررہ روٹس سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا، جہاں شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزکری مجلس عزا ہو گئی ، اس کے بعد شام غریباں بپا کی جائے گی، جلوس میں شریک عزاداروں کی جانب سے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کا سلسلہ بھی جاری ہے اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں سے عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گیا ، مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے انتظامات سخت، روٹ پر6ہزار پولیس اہلکار تعینات ٹریفک پولیس کے900کے قریب افسران و اہلکارٹریفک کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں محرم الحرام کے مرکزی جلوس پر2900سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں، جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ، جلوس روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار سے گزرے گا، جلوس جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہوگا جلوس میں 32 ماتمی دستے شامل ہوں گے، جلوس مغرب تک اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ سے ملنے والے تمام راستے سیل کر دئیے گئے، روٹ اور حساس علاقوں میں 6600 سے زائد اہلکار ڈیوٹیاں دے رہے ہیں پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہو گا جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں ، جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے یاد رہے گزشتہ روز 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوس منعقد ہوئے، کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے لاہور میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر ختم ہو گیا، عزا داروں نے غم حسین میں نوحہ خوانی اور ماتم داری کی، لاہور کے علاوہ پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہو کر اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے واضح رہے یوم عاشور پر جلوسوں کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر لاہور، کراچی ، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے مختلف اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس مکمل جزوی طور پر معطل کی گئی ہے جسے رات گئے بحال کر دیاجائے گا ۔