محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

محرم الحرام 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوگا۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کوئٹہ میں ہوگا مولانا عبدالخبیر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے اراکین شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے، زونل کمیٹیاں شہادتیں موصول کر کے اسے مرکزی کمیٹی تک پہنچائیں گی۔ محرم الحرام 1446 ہجری کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ہی کریں گے۔ چاند نظر آنے کی صورت میں یکم محرم اتوار کو ہو گی اور نہ نظر آنے کی صورت میں یکم محرم بروز پیر آٹھ جولائی کو ہوگی یاد رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ روز چاند نظر نہیں آیا اس طرح وہاں یکم محرم اتوار کو ہو گی جبکہ محکمہ موسمیات نے پاکستان میں آج چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے اس لحاظ سے یکم محرم بروز پیر ہونے کا امکان ہے۔