ماڑی پور کے قریب کوسٹر الٹ گئی، حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق کوسٹر میں سوار افراد پکنک کیلئے جا رہے تھے کہ کراچی کے علاقے ماڑی پور کے قریب کوسٹر کو حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جان سے چلے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے، تین خواتین اور ایک مرد شامل ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔ دوسری جانب نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جاں بحق ہونے والے ہونے میں 3 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں جن کی شناخت 10 سالہ کنزہ دختر احمد، 14 سالہ قدیر ولد عبدالجبار، 4 سالہ زینت دختر حیات، 6 سالہ سکینہ دختر منظور عالم، 40 سالہ صغرا زوجہ غلام علی، 45 سالہ سعدیہ زوجہ احمد شامل ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقہ ماڑی پور میں بس حادثہ میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی دوسری جانب بس حادثے کے عینی شاہد کا بتانا ہے کہ حادثہ ٹریلر کے موڑ کاٹنے کے باعث پیش آیا جس کے بعد تیز رفتار کوسٹر فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور الٹ گئی، بس میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔ بس میں سوار ہو کر پکنک پر جانے والے تمام متاثرین عزیز آباد بنگوریہ گوٹھ کے رہائشی ہیں اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔