38

قاسم سوری : نے آج عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہرکر دیا بڑے صاحب کی سخت ہدایات ہیں کہ عمران خان کو ہر حال میں گرفتار کرنا ہے چاہے ملک کے حالات ہی کیوں نہ خراب ہو جائیں۔پی ٹی آئی رہنما کی گفتگو

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر دیا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بڑے صاحب کی سخت ہدایات ہیں کہ عمران خان کو ہر حال میں گرفتار کرنا ہے چاہے ملک کے حالات ہی کیوں نہ خراب ہو جائیں۔قاسم سوری نے کہا اسی پلان کے تحت عمران خان کے زخمی ہونے کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضمانت منسوخ کرنے کی دھمکی دی جب کہ دوسری طرف حمزہ شہباز اور شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں عدالت میں حاضر ہونے سے تاحیات استشنیٰ فراہم کر دیا۔جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کیلئے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاؤں میں سوجن کے باوجود جا رہا ہوں کیونکہ عدالت نے طلب کیا ہے،مجھے وزیر آباد اور جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی،وزیر آباد جے آئی ٹی کو اسی لیے سبوتاژ کیا گیا،اب مراد سعید ان کے نشانے پر ہے۔سابق وزیراعظم نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس اور آئین کے لیے ریلیاں کرنے والا ہوں،ملک بچاؤ،آئین بچاؤ اور سپریم کورٹ بچاؤ ریلیاں ہوں گی،ایک بار پھر پورے پاکستان کو کال دے رہا ہوں۔ہفتے کو ساڑھے 5 بجے پورا پاکستان ایک گھنٹے کیلئے باہر نکلے،پورا پاکستان چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے نکلے گا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ ججز کیخلاف ہر قسم کی حرکتیں اور پروپیگنڈا کرتے ہیں،اس وقت مافیا چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے،مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کر دیا اور آئین کی دھجیاں اُڑا رہا ہے۔ حکمران الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں اس لیے چیف جسٹس کیخلاف جا رہے ہیں،مہنگائی اور بیروزگاری کے خوف کی وجہ سے یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں