39

جن کے ریٹائر ہوکر یہ حالات ہیں، سوچیں طاقت کے نشے میں کس طرح اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوں گے نواز شریف چپ ہے مگر اللّہ تعالیٰ کی قدرت کہ اسکے خلاف سازش کرنےوالے سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔مریم نواز کا ٹکٹوں کی تقسیم پر سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو پر ردِعمل

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 137 ابو زر چدھڑ کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو پر ردِعمل آیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جن کے ریٹائر ہوکر یہ حالات ہیں، سوچیں جب وہ طاقت کےنشےمیں اپنی کرسیوں پر فرعونِ وقت بنے بیٹھے تھے تو کس طرح اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کررہے ہوں گے۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف چپ ہے مگر اللّہ تعالیٰ کی قدرت کہ اسکے خلاف سازش کرنےوالے سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔لیک آڈیو میں تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔مبینہ آڈیو میں ابو زر چدھڑ کہتے ہیں کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں جس پر نجم ثاقب نے کہا کہ مجھے اطلاع مل گئی ہے،اب بتائیں کیا کرنا ہے؟ ابو زر چدھڑ نے کہا کہ ابھی ٹکٹ چھپوا رہے ہیں ناں،یہ چھاپ دے اس میں دیر نہ کریں وقت بہت تھوڑا ہے۔نجم ثاقب نے جواب دیا کہ بس بابا سے ملاقات کیلئے آ جانا،بس اور کچھ نہیں۔ ابو زر چدھڑ نے کہا کہ ہاں ظاہر ہے کیسی بات کر رہے ہو۔ نجم ثاقب کا کہنا تھا کہ وہ گیارہ بجے تک دفتر آ جائیں گے،ان سے گلے ملنے آ جانا،انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ ابو زر چدھڑ نے کہا کہ اچھا میں سوچ رہا تھا کہ پہلے انکل کے پاس آؤں یا شام کو ٹکٹ جمع کروا کر آؤں جس پر نجم ثاقب نے جواب دیا کہ وہ مرضی ہے تمہاری لیکن آج کے دن میں بابا سے ملاقات ضرور کر لینا۔یاد رہے کہ ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی ایک اور مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں نجم ثاقب میاں عزیز کو کہتے ہیں واٹس ایپ دیکھو،میاں عزیز نے جواب دیا کہ یہ ابو زر نے بھیجی ہے تمہیں۔ نجم ثاقب نے کہا کہ میں بھی وکیل ہوں۔ میاں عزیر نے کہا کہ یہ ابو زر نے بھیجی ہے،تمہیں ڈائریکٹ آئی ہے؟ جس پر نجم ثاقب نے جواب دیا کہ مجھے ڈائریکٹ بھی آ سکتی ہے،ضروری تو نہیں ہر چیز ابو زر ہی بھیجے۔ میاں عزیر نے کہا کہ اچھا۔ نجم ثاقب نے پوچھا کہ کام کس نے کروایا ہے،کسی اور نے تو نہیں کروایا؟ جس پر میاں عزیر نے جواب دیا بس گڈ ہو گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں