73

پنجاب :میں انتخابات کیلئے امیدواروں کا پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا آخری روز الیکشن کمیشن نے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کیلئے رات 12 تک وقت میں توسیع کر دی

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کے وقت میں توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کیلئے امیدواروں کا پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا آج آخری روز ہے،الیکشن کمیشن نے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کیلئے رات 12 بجے تک وقت میں توسیع کر دی۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ امیدوار آج رات 12 بجے تک ریٹرنگ افسران کو پارٹی ٹکٹ جمع کرا سکتے ہیں،ریٹرنگ افسران پارٹی ٹکٹ وصولی کے ساتھ ہی انتخابی نشانات الاٹ کریں گے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے راولپنڈی سے نظرثانی کے بعد 3 حلقوں کے امیدوار تبدیل کر دیے،پی پی 10 میں ٹکٹ طیبہ ابراہیم سے لے کر کرنل (ر) اجمل صابر راجہ کو دے دیا گیا۔ پی پی 11 میں ٹکٹ چوہدری عدنان سے لے کر عارف عباسی کو جاری کیا گیا،پی پی 7 میں ٹکٹ کرنل (ر) شبیر اعوان سے واپس لے کر طارق مرتضیٰ کو نئے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا۔جب کہ پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کے صدر چوہدری فیض اللہ کموکا اپنے حلقے میں نئے امیدوار کو ٹکٹ جاری ہونے پر پریشان ہیں۔ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر بلال اشرف بسرا ایڈووکیٹ کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری ہونے پر حلقہ کے کارکنوں،پارٹی کے سینئر ممبران اور عرصہ دراز سے انتخابی مہم چلانے والے امیدواروں نے پارٹی کے فیصلہ کو مسترد کر دیا ہے۔ حلقہ پی پی 112 فیصل آباد شہر کا وہ واحد حلقہ ہے جہاں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ درجن بھر سے زائد امیدوار سالہا سال سے اس حلقہ میں اپنی انتخابی مہم چلا رہے تھے جنہیں پارٹی ٹکٹ ملنے کا قوی امکان تھا۔ ان تمام امیدواروں کی سربراہی اس حلقہ کے ایم این اے چوہدری فیض اللہ کموکا کر رہے تھے جو پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کے صدر بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں