اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں نگران حکومتوں کی مدت مکمل ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے نگران حکومتوں کیخلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر دی ہے،درخواست سابق وزرائے اعلٰی پرویز الٰہی اور محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں الیکشن کمیشن،نگران وزرائے اعلٰی،صدر اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹریز کے علاوہ داخلہ اور قانون و انصاف کے سیکرٹریز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ منتخب حکومتوں کے قیام تک امور کی دیکھ بھال کیلئے عدالت طریقہ کار وضع کرے،آئین نگران حکومتوں کی میعاد میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔ عدالت آئین کے آرٹیکل 184 اور 187 کے تحت صاف و شفاف انتخابات کے لیے احکامات صادر کرے۔درخواست میں آئینی مدت مکمل ہونے پر پنجاب اور خیبر پختو نخوا کے نگران وزرائے اعلٰی کو ہٹانے اور اختیارات کے استعمال سے فوری روکنے کی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں دونوں صوبوں میں روز مرہ کے امور چلانے کا طریقہ کار وضع کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ دونوں صوبوں میں الیکشن کے انعقاد اور نئی حکومتوں کے امور سنبھالنے تک عدالت نگرانی کرے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور چیف الیکشن کمشنر کو عہدوں سے ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں صدر عارف علوی،وزیراعظم شہباز شریف،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف الیکشن فنڈ کا بل مسترد ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اعتماد کو بیٹھے ہیں۔ سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کے لیے فنڈز اور سیکیورٹی کا تقاضا غیر مناسب ہے۔
