52

عدلیہ پر حملہ روکنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہوگا، عمران خان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے آئین کی بالا دستی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا

لاہور : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ عدلیہ پر حملہ روکنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہوگا۔ دنیا نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک لاہور میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو رول آف لاء اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ پر حملہ کیا جا رہا ہے، جس کو روکنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہے، جو سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی کیلئے کھڑا ہونا چاہتی ہیں سب سے رابطہ کیا جائے۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ ہمیں ذمہ داری ملی ہے، سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا کیوں کہ آئین کی بالادستی اور رول آف لاء کیلئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا، جس کے لیے سندھ کی سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں اور سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کریں گے۔ گزشتہ شب قوم سے اپنے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مجھے خطرہ ہے یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کرائیں گے، یہ چاہتے عمران خان جیل میں ہو یا نااہل، پھر الیکشن کرائیں گے، مجھے بتائیں اکتوبر میں الیکشن سے پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟ آئین 90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے بڑا کلیئر ہے، 90 روز کے بعد نگران حکومت کیا حیثیت رہ جائے گی؟ سپریم کورٹ میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر قوم کو تیار کرنا چاہتا ہوں، قوم کی زندگی پر اب فیصلہ کن وقت ہے، قوم کو قانون اور آئین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 90 دن میں الیکشن سے متعلق آئین کی شق کو دیکھ کر اپنی حکومت گرائی تھی، 90 دن سے نکلنا بڑا خطرناک ہے کیوں کہ پہلے بھی اس قوم کے ساتھ 90 روز کا کہہ کر 11سال ہوچکا ہے، اکتوبر میں کیوں؟ اکتوبر میں زیادہ حالات خراب ہوسکتے ہیں اور زیادہ پیسے کی کمی ہوسکتی ہے، کیا اب طاقتور طے کرے گا کہ کون سی آئین کی شق استعمال کرنی ہے اور کون سی نہیں؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں