41

صدر عارف کا ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگانے پر سابق صدر آصف زرداری کو خراج تحسین بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سندھ میں بہت غم و غصہ تھا،بہت توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہو گیا تھا تاہم آصف علی زرداری نے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگا کر ملک بچا لیا، اس وقت کوئی اور نعرہ پاکستان کو توڑ سکتا تھا۔صدرِ مملکت کی گفتگو

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے بعد ملک کو استحکام کی طرف لیجانے کا کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے ، اس وقت انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ۔سینئر صحافی حامد میر کو انٹرویو میں صدرِ ممملکت نے کہا 2007 میں جب محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ہوئی تو حالات بہت خراب تھے، میں سندھ کا رہنے والا ہوں ، مجھے معلوم ہے کہ حالات اتنے خراب تھے کہ اس وقت کوئی اور نعرہ پاکستان کو توڑ سکتا تھا۔بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سندھ میں بہت غم و غصہ تھا بہت توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہو گیا تھا لیکن آصف علی زرداری نے حالات کی نذاکت کو دیکھتے ہوئے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک بچا لیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ میں آج بھی اس بات کا کریڈٹ آصف زرداری کو دے رہا ہوں اور پہلے بھی دیتا رہا ہوں۔صدر عارف علوی نے مزید کہا عدلیہ میں تقسیم پہلے سے ہے ، ذوالفقار علی بھٹو کے فیصلے کے بعد دیکھ لیں ،صفدر شاہ کو ملک چھوڑنا پڑا ، عدالتوں میں 100فیصد اتفاق رائے نہیں ہوتا ، فیصلے میں تقسیم ہوسکتی ہے مگر ذات کی بنیاد پر تقسیم ہونی نہیں چاہیے اور انا بھی نہیں ہونی چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دو افراد کے مابین ذاتی گفتگو کسی اور کے لئے نہیں ہے ، اس معاملے پرکئی مرتبہ پارلیمنٹ کے اندر خطاب میں بھی روشنی ڈالی ، کسی کی ویڈیو یا آڈیو لیک کرنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے ، کال ٹیپ کرنے والے اداروں کو احتیاط کرنی چاہیے ، صرف دہشت گرد کی کال ٹیپ ہونی چاہیے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری خواہش پہلے بھی یہ ہی تھی کہ پولرائزیشن جو کہ خطرناک ہے اسے کم کیا جائے ،لڑائیاں کم ہوجائیں لیکن میری کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی عمران خان سے ملاقات کی کوئی کوشش نہیں کی ، ان سے ملاقات کے دوران معاملات کو بہتر کرنے کی بات ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج اگر سیاست سے دور ہونا چاہتی ہے تو سیاستدان اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدہ ، 1973 آئین میں ذوالفقار علی بھٹو کا کلیدی کردار رہا ، آئین کی طاقت عوام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی نااہلی مسئلے کا حل نہیں ہے، کسی پارٹی پرپابندی عائد نہیں ہونی چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں