30

عمران خان ایک اور مقدمے سے بچنا چاہتے ہیں تو بجلی کا بل ادا کریں عمران خان زمان پارک گھر کے بجلی کا بل ادا کریں اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اسٹاف کو زمان پارک گھر کو چیک کرنے دیں۔وفاقی وزیر خرم دستگیر کی گفتگو

اسلام آباد :وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک اور مقدمے سے بچنا چاہتے ہیں تو بجلی کا بل ادا کریں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان زمان پارک گھر کے بجلی کا بل ادا کریں اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اسٹاف کو زمان پارک گھر کو چیک کرنے دیں۔انہوں نے کہا اگر عمران خان ایک اور مقدمے سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے گھر کا بجلی کا بل ادا کریں،مقدمے سے بچ جائیں گے۔دوسری جانب عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں 29 مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف وفاقی دارالحکومت میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کیخلاف 28 مقدمات درج کر رکھے ہیں،جبکہ ایف آئی اے میں سابق وزیراعظم کیخلاف 1 مقدمہ درج ہے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمیں شامل تفتیش ہونے کیلئے کہا گیا لیکن کوئی فون نہیں اٹھاتا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تمام صورتحال کو دیکھیں،وکیل کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ پولیس نے 28 اور ایف آئی اے نے 1 مقدمے کا ریکارڈ جمع کرایا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کے مقدمات میں سے ایک خارج ہو چکا ہے،7 مقدمات تفتیشی مراحل میں ہیں اور 20 ٹرائل کورٹ میں زیر سماعت ہیں،عدالت نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی درخواست ہدایت کے ساتھ نمٹا دی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے کل کے بیان کی کاپی عدالت میں پیش کی اور کہا کہ صورتحال یہ ہے یہاں ضمانت کرا کے نکلتے ہیں اور جعلی مقدمے میں لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ آپ نے درخواست دائر کر رکھی ہے کہ غیر قانونی گرفتاری روکیں،کیا میں یہ کہہ دوں غیر قانونی نہیں تو قانونی گرفتار کر لیں؟ اپنے مؤکل کے ساتھ یہ نہ کریں،میں صرف اس عدالت کے دائرہ اختیار تک احکامات دے سکتا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں