عراق کے صوبے نینوا میں قیامت صغریٰ برپا ، شادی کی تقریب کے دوران ہال میں آگ بھڑک اٹھی، دلہا دلہن سمیت 113 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی صوبے نینوا کے شہر الحمدانیہ میں شادی تقریب کے دوران ہال میں ایک ہزار سے زائد افراد شرکت کیلئے وہاں موجود تھے کہ اچانک آگ لگ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی وزارت شہری دفاع کا کہنا ہے کہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ آتش بازی کے سامان سے لگی تھی، کنسرٹ ہال میں الارم اور فائر فائٹنگ سسٹم کے لیے حفاظتی تقاضوں کا بھی فقدان ہے ، حادثے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی ڈپٹی گورنر اور وزارت صحت کے ترجمان سیف البدر کی جانب سے ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ حادثے میں اموات کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال روانہ کیا جا رہا ہے تاہم حادثے میں اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔